(سٹی42) پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف ادکارہ صبیحہ خانم گزشتہ رات امریکا میں انتقال کرگئیں، صبیحہ خانم نے سات لاکھ،شکوہ اور دیور بھابھی جیسی نامور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
تفصیلات کے مطابق قیام پاکستان کے بعد سینما کی سکرین پر فلمی شائقین کو محظوظ کرنے والی ماضی کی سپر ہیروئن اداکارہ صبیحہ خانم 85 سال کی عمر میں گردوں کے مرض کے باعث امریکا میں انتقال کر گئیں۔پاکستان کی نامور فلمی اداکارہ صبیحہ خانم کا اصل نام مختار بیگم تھا.صبیحہ خانم 16 اکتوبر1935ء کو گجرات میں پیدا ہوئیں،صبیحہ خانم نے اپنی اداکاری کا سفر 1948 میں پاکستانی ڈرامہ بت شکن سے کیا 1948 میں ہی ان کی پہلی فلم بیلی بھی پیش کی گئی۔
اس کے بعدصبیحہ خانم نے وعدہ، پاسبان، شیخ چلی، سات لاکھ، گمنام، دیوانہ، آس پاس، سسی، سوہنی، حاتم، آج کل، مکھڑا، عشق لیلیٰ، دل میں تو، محفل، پرواز، طوفان، دیور بھابھی اور دیگر کئی فلمیں کیں۔صبیحہ خانم پاکستان سلور سکرین کی تاریخ کی پہلی خاتون اداکارہ تھیں جنہیں 14 اگست 1986میں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
صبیحہ خانم نے اداکار سنتوش کمار سے شادی کی اور ان کے ایک بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں، سنتوش کمار پہلے ہی شادی شدہ تھے لیکن جمیلہ نامی گھریلو خاتون نے ان کی دوسری شادی پر کوئی اعتراض نہ کیا اور آخری دم تک اْن کی دونوں شادیاں قائم و دائم رہیں۔صبیحہ خانم نے اداکار سنتوش کمار کی جوڑی کو پہلی ہی فلم میں سراہا گیا اور دونوں پاکستان کے پہلے سپر سٹار کہلائے گئے اور ان کی جوڑی نے کئی سال تک سینما کے پردے پر راج کیا۔
ان دنوں وہ بیٹے کے ہمراہ امریکی ریاست ورجینیا میں رہائش پذیر تھیں انہیں وہیں سپردخاک کیا جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے معروف اداکارہ صبیحہ خانم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پرستار صبیحہ خانم کی یادگار فلمیں فراموش نہیں کر سکتے۔