پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا ایویڈنس یونٹ بند

14 Jun, 2020 | 12:45 PM

M .SAJID .KHAN

(عابد چودھری)کورونا وائرس کےپھیلاو کےپیش نظر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا ایویڈنس ریسیونگ یونٹ بند رکھنےکا فیصلہ کرلیا گیا،فرانزک سائنس ایجنسی نےپنجاب پولیس کو14 دن کےلیےسیمپلز بھجوانےسےمنع کردیا،یونٹ بند ہونے سےپنجاب پولیس کا تفتیشی نظام مزید سست ہوجائےگا ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کی واحد ٹیسٹنگ لیبارٹری فرانزک سائنس ایجنسی کا ایویڈنس ریسیونگ یونٹ بند رہےگا،یونٹ کو 14 دن کے لئےبند رکھنے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا،مراسلے کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا ایویڈنس ریسیونگ یونٹ 16 جون سے 30 جون تک بند رہےگا،پولیس کی جانب سےڈی این اے اور دیگر ٹیسٹنگ سیمپلز بھجوائے جاتے تھے لیکن اب 30جون تک کسی قسم کا کوئی شہادتی سیمپل ریسیو نہیں کیا جائےگا،آئی جی پنجاب،سی سی پی او لاہور،آر پی اوزاور ڈی پی اوزکو بھی مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں24 گھنٹے کے دوران مزید 6825 نئے کیسز سامنے آگئے۔کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار 230 ہوگئی ۔گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے 81 لوگ جاں بحق ہوگئے ۔ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 6 سو 32 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 29 ہزار 546 نئے ٹیسٹ کیئے گئے،جن میں سے 6 ہزار 825 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

 پنجاب میں کورنا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 52 ہزار 601 تک پہنچ گئی ، سندھ میں 51 ہزار 518 ،، خیبرپختونخواہ 17 ہزار 450، بلوچستان 8 ہزار 28، اسلام آباد 7 ہزار 934، گلگت بلتستان ایک ہزار 95 اور آزاد کشمیر میں 604 مریض زیر علاج ہیں،ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 230 ہو گئی۔

ایک دن میں مزید 81 اموات ہونے سے ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 632 ہو گئی ، پنجاب میں 696 ، سندھ 816 ،، خیبرپختونخواہ 661 ،، بلوچستان 83 ، اسلام آباد 75 ، گلگت بلتستان 16 اور آزاد کشمیر میں 12 افراد کورنا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں ۔ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 68 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، جبکہ 51 ہزار 735 مریضوں نے کورنا وائرس کو شکست دی۔

مزیدخبریں