مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا پر رویہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے، اہم ترین قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن رہنماؤں نے پوائنٹ سکورنگ سے گریز نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے خالی نعرے لگا کر کورونا کے خلاف ''مہم''چلائی، کورونا میں متاثرہ لوگو ں کو تنہا چھوڑ کر اپوزیشن جماعتیں سیاست چمکانے میں مصروف رہیں، عوام اپوزیشن جماعتوں کی منفی سیاست سے متنفر ہوچکے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام پر ہونیوالی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم اور کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی مذمت کی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی، بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے سروسز ہسپتال لاہور کی میڈیکل ایمرجنسی میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔
واضح رہے کہ12 جون کو وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے مالی سال 21ـ2020ء کا وفاقی بجٹ پیش کیا، کل حجم 71 کھرب 37 ارب روپے ہے جس میں حکومتی آمدنی کا تخمینہ ( ایف بی آر) کی جانب سے محصولات کی صورت میں 4963 ارب روپے اور نان ٹیکس آمدنی کی مد میں 1610 ارب روپے رکھا گیا ہے۔
قومی مالیاتی کمیشن کے تحت وفاق صوبوں کو 2874 ارب روپے کی ادائیگی کرے گا جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے وفاق کی خالص آمدنی کا تخمینہ 3700 ارب روپے لگایا گیا ہے اور کل وفاقی اخراجات کا تخمینہ 7137 ارب روپے لگایا گیا ہے، وفاقی وزیر حماد اظہر نے بجٹ تقریر کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔