( عرفان ملک ) چنگ چی، موٹر سائیکل رکشوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں اونچی آواز میں میوزک لگانے والوں کی اب خیر نہیں، ٹریفک پولیس نے ٹریفک وارڈنز کو کارروائی کے لیے احکامات جاری کر دیئے۔
شہر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں بے ہنگم میوزک، اس سے پھیلنے والی اخلاقی برائیوں اور صوتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹریفک پولیس میدان میں آگئی۔ ٹریفک پولیس نے شکایات پر چنگ چی رکشوں سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں اونچی آواز میں میوزک چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ایس پی ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایسی گاڑیوں اور رکشوں کے ڈیک اور سپیکر بھی قبضے میں لے لیے جائیں گے۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کے اقدام کو خواتین اور شہریوں نے بھی سراہا، شہریوں کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے سفر کے دوران ڈرائیور حضرات کی جانب سے تنگ کرنے کے واقعات بھی سامنے آچکے ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔