عدالت نے صنم جاوید کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا

14 Jul, 2024 | 06:05 PM

ویب ڈیسک : ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک عمران نے صنم جاوید کے ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے صنم جاوید کے وکلا کی مقدمے سے ڈسچارج کی استدعا منظور کرلی،عدالت نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو ایف آئی اے کے مقدمے سے ڈسچارج کردیا،سیشن کورٹ نے صنم جاوید فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

 قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایف آئی اے نے صنم جاوید کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک عمران کی عدالت میں پیش کیا،ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے صنم جاوید کے 6روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی۔ صنم جاوید کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ میری مؤکلہ کو بری کرچکی ہے، لاہور ہائیکورٹ نے لکھا ہے کہ صنم کیخلاف کوئی قانونی شہادت اور ثبوت نہیں، بری ہونے اور گرفتار ہونے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ چل رہا ہے ، لاہور کے مقدمات سے نکالا گیا تو سرگودھا میں 9 مئی کے کیسز میں ڈال دیا گیا، سرگودھا سے بری ہوئی تو گوجرانوالہ کیس میں ڈال دیا گیا۔

 علی اشفاق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ میری مؤکلہ کو اس مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے، ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ میں کہا کہ اب صنم جاوید کسی مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں، اب پنجاب پولیس کے پاس کچھ نہیں تو یہاں لے آئے۔عدالت نے صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے صنم جاوید مقدمے سے ڈسچارج کردیا اور فوری رہائی کا حکم دیدیا۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز صنم جاوید کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا ہوتے ہی اسلام آباد پولیس گرفتار کرکے ساتھ لے گئی تھی۔

مزیدخبریں