ویب ڈیسک : شہریوں پر بجلی بم گرادیاگیا، لاہور سمیت ملک بھر کیلئےبجلی مہنگی کردی گئی ۔
گھریلو صارفین کیلئےبنیادی ٹیرف میں 7روپے12پیسےتک اضافےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن پاور ڈویژن نے جاری کیا۔ جس کے مطابق 200یونٹ تک استعمال والےگھریلوصارفین 3 ماہ کیلئےاضافے سےمستثنٰی قرار دیے گئے ہیں۔ باقی گھریلوصارفین کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ7 روپے12 پیسے تک بڑھادیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد گھریلوصارفین کیلئےبجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف48روپے84پیسے تک پہنچ گیا۔ ماہانہ201 سے300 یونٹ تک کا ٹیرف7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے، ماہانہ301 سے400یونٹ کا ٹیرف7.02 روپے اضافے سے39.15روپے، ماہانہ401 سے500 یونٹ کا ٹیرف6.12روپےاضافے سے 41.36 روپے ، ماہانہ501 سے600یونٹ کا ٹیرف6.12روپے اضافے سے42.78روپے، ماہانہ601سے 700 یونٹ کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 43.92روپے ہو گیا۔ اس کے علاوہ ماہانہ700 یونٹ سےزیادہ کا ٹیرف6.12 روپےاضافے سے 48.84 روپے ہوگیا۔
واضح رہے کہ ماہانہ50یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ3.95 روپے برقرار رہے گا، اس کے علاوہ ماہانہ51سے100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ7.74 روپے برقرار رہے گا ۔