سٹی42: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں گولی لگ گئی۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعہ میں ایک اور شخص بھی ہلاک ہوا اور ایک زخمی ہو گیا۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق پینسلوینیا سٹیٹ میں بٹلر کے قصبے مین انتخابی ریلی کے دوران ایک شخص نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پستول سے فائرنگ کر دی۔ گولیاں چلنے کی آواز سنتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نیچے جھک گئے تاہم ایک گولی انہیں لگ گئی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ اس دوران محافظوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے کو گویاں مار کر ہلاک کر دیا۔ اس فائرنگ کی زد میں آ کر ریلی میں شریک ایک اور شخص بھی جان سے ہاتھ دھو بیتھا۔ معمولی زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی جان محفوظ ہے جبکہ ٹرمپ پرگولی چلانے والے شخص کو ہلا ک کر دیا گیا ہے۔
ٹرمپ نےاپنی جان بچ جانے پر قانون نافذ کرنیوالوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے فوری طور پر حفاظتی اقدام کیا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی اپنے کان پر ہاتھ رکھا، اس کے ایک لمحہ بعد وہ نیچے جھک گئے، ڈائس کے پیچھے چھپ گئے۔ اس کے ساتھ ہی ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔
نیچے گرنے کے کچھ دیر بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی سکیورٹی کے لئے وہاں موجود اہلکاروں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا، پھر وہ بھاگتے ہوئے صدر ٹرمپ کے ڈائس کی طرف آئے اور نیچے جھک کر کئی لمحے بعد انہیں ڈائس کے نیچے سے نکال کر کھڑا کیا اور پھر وہاں سے لے کر چلے گئے۔ اس دوران ٹرمپ نے اپنا مکا ہوا میں لہرایا ۔ اس واقعہ کے بعد ریلی ختم کردی گئی۔
کاؤنٹی کے پراسیکیوٹر نے تصدیق کی کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کو حملہ آور کی چلائی ہوئی ایک گولی لگی۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس مین بتایا گیا کہ ریلی میں فائرنگ کے واقعے میں سابق صدر ٹرمپ زخمی ہوئے ہیں ،ان کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے ہیں تاہم یہ زخم کس نوعیت کے ہیں اورکس وجہ سے ہوئے یہ واضح نہیں ہوسکا جبکہ ٹرمپ پرفائرنگ کرنے والے حملہ آور کو مار دیا گیا ہے۔ میڈیا کی اطلااعات کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ایک شہری ہلاک اور ایک شدید زخمی بھی ہوا ہے۔
امریکہ کی سیکریٹ سروس کا کہنا ہے کہ سابق صدر اور ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ بالکل محفوظ ہییں۔ اس حملہ کے وقت سیکرٹ سروس کے اہلکار بھی ٹرمپ کی حفاظت کے لئے ریلی میں اور ٹرمپ کے اطراف موجود تھے۔
سیکریٹ سروس کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی، عوام کو ان سےآگاہ کیا جائےگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدرٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ری پبلکن رہنماؤں نے عوام سے ڈونلڈٹرمپ کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔
ٹرمپ کے کان پر گولی لگی، روسی میڈیا
روسی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے جس میں ان کا کان زخمی ہوا تاہم انکی جان محفوظ رہی جبکہ آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کم سےکم ایک گولی سابق صدر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی گزر گئی ہے۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق ریلی کےدوران 8 سے 10 گولیاں چلنے کی آوازیں آئی تھیں۔
امکان تھا کہ آج ڈونلڈ ٹرمپ اپنے نائب صدارتی امیدوار کا نام کا اعلان کریں گے۔ امریکا کی ری پبلکن پارٹی کا نیشنل کنونشن اگلے ہفتے ہونا ہے جس میں صدارتی امیدوار کو باضابطہ طور پر نامزد کیا جائے گا۔