ن لیگ کا پنجاب کے ہر حلقے سے اپنا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان

14 Jul, 2023 | 03:20 PM

مانیٹرنگ ڈیسک: مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات میں پنجاب کے ہر حلقے سے اپنا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کردیا، رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ن لیگ آج سے انتخابی سرگرمیاں شروع کردے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب میں بھرپور انداز سے انتخابی عمل کو آگے لے کر بڑھے اس لیے ن لیگ ملک کے تمام 297 صوبائی اور تمام 146 قومی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے امیدوار نامزد کرے گی۔

انہوں ںے کہا کہ  قبل ازیں ایسا ہوا ہے کہ بعض اضلاع میں ہم نے اپنے امیدوار نامزد نہیں کیے تھے لیکن ہم نے اس بار اسے چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے کیوں کہ ہم پارٹی کو یوسی کی سطح تک منظم کرچکے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 12 اکتوبر کا ایڈونچر نہ ہوتا اور نواز شریف کو نہ ہٹایا جاتا تو آج ملک ترقی کی راہ پر ہوتا اور پاکستان میں کوئی بے روزگار نہیں ہوتا، لیکن جب پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جارہا تھا اور ہم ایٹمی قوت بننے کے بعد معاشی قوت بننے جارہے تھے تو نواز شریف کو سزا دی گئی، جب بھی ملک بحران کا شکار ہو تو نواز شریف نے ہی ملک کو بحران سے نکالا مگر اس کے بعد ہر بار نواز شریف کو سزا دی گئی۔

صحافی کے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سوال پر انہوں ںے کہا کہ ہم اپنے جیتنے والے اور مخلص امیدواروں پر کمپرومائزڈ نہیں کریں گے اور اگر کسی جگہ ایسی صورتحال پیش آئی کہ ہمیں بھی مدد کی ضرورت پڑے تو وہاں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات ہوسکتی ہے۔
 

مزیدخبریں