اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

14 Jul, 2021 | 01:21 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن اور ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ جسٹس شاہد وحید نے ملک محمد منیر سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا  کہ ان کے والد محمد لطیف کی دو بیویاں تھیں، والد کے انتقال کے بعد سوتیلی ماں اور بیٹوں کے درمیان وراثتی اراضی کے تنازعے کا معاملہ ہے، ان کی وراثت اراضی کا انتقال قانونی ورثان کے نام قانون کے مطابق نہیں کیا جارہا، حلقہ پٹواری، اے سی شالیمار ٹاؤن سمیت دیگر افسران کو درخواستیں دیں مگر شنوائی نہیں ہو رہی۔

 درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت وراثتی اراضی کا انتقال کرنے کا حکم دے، جسٹس شاہد وحید نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن کو بلوایا تھا وہ کدھر ہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ اے سی شالیمار کو عدالتی حکم بارے آگاہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود وہ حاضر نہیں ہوئے۔

جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت پندرہ جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے اسسٹنٹ شالیمار ٹاؤن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اور ڈی سی اور اے سی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں