کینٹ (عمر اسلم) کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن، صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناءاللہ نے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی کے کنوینر شیخ روحیل اصغر، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعدرفیق، سردار ایاز صادق بھی کمیٹی میں شامل ہیں، کمیٹی کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹکٹوں کا فیصلہ کریں گے، ارکان پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق، یاسین سوہل، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی اور میاں نصیر احمد بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ حافظ نعمان، رانا خالد قادری، رانا احسن شرافت، ن لیگی رہنما نسیم وڑائچ، شاہد شیخ اور چودھری سجاد بھی کمیٹی کے اراکان ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ کے دستخطوں سے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لئے 12 ستمبر کو پولنگ ہو گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے 20 میں سے 12 وارڈز پر امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے، مسلم لیگ (ن) نے وارڈ 1 سے اپنے سابقہ امیدوار شیخ شاہد علی کی جگہ حاجی عباس المعروف بابا گلہ کے بیٹے علی عباس کو امیدوار نامزد کرلیا، شیخ شاہد علی گزشتہ الیکشن میں وارڈ 1 سے جیت کر کنٹونمنٹ بورڈ کے نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔
حاجی عباس المعروف بابا گلہ اور ان کے بیٹے علی عباس نے خواجہ سعد رفیق کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا، صدر کینٹ کے لیگی کارکنوں نے بھی بابا گلہ کے بیٹے کی مکمل سپورٹ کا اعلان کیا، مسلم لیگ ن نے تمام وارڈ سے امیدواروں کی درخواستیں وصول کر لی ہیں، پارٹی قیادت کے مطابق باقی 8 وارڈز پر بھی امیدواروں کو جلد فائنل کر لیا جائے گا۔