( حافظ شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کا مطلب یہ نہیں کہ انگلینڈ کمزور ٹیم ہے، ہمیں کامیابی حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔
ڈربی سے ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ دو ہفتے سے انگلینڈ میں ہیں اور کھلاڑی ردھم میں آرہے ہیں، انٹرا سکواڈ میچز سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، کوویڈ کی وجہ سے تین ماہ بہت مشکل میں گزارے، کوشش ہے کہ کامیابی حاصل کرکے قوم کو خوشیاں منانے کا موقع دیں۔
یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ جیمز اینڈرسن تجربہ کار باؤلر ہونے کے ناطے ایک بڑا خطرہ ہوں گے، ان سمیت تمام باؤلرز کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی بنارہے ہیں۔
شان مسعو نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ کے خلاف کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہے۔