( بسام سلطان ) سیکرٹری صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کی نوید سنا دی، کیپٹن عثمان کہتے ہیں کہ ٹیسٹس کے نتائج کے مطابق موذی وبا کے پھیلاؤ کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
لاہور میں کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ اور سیکرٹری صحت نے شہریوں کو کورونا کیسز کی شرح کم ہونے کی خوشخبری سنائی ہے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) عثمان کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ پچیس فیصد تک کم ہوا۔
ٹیسٹس کے نتائج کے مطابق پہلے وبا کا پھیلاؤ اکتیس فیصد تک پہنچ چکا تھا جو کہ کم ہو کر اب چھ فیصد پر آ چکا ہے۔ کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمود شوکت کا کہنا ہے کہ کیسز کی شرح میں کمی کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ ہم احتیاط کا دامن ہاتھ سے چھوڑدیں۔ امریکہ کی مثال ہمارے سامنے ہے وہاں پہلے کیسز میں کمی آئی لیکن پھر مظاہروں کے بعد کیسز میں دوبارہ تیزی آئی۔ ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
ڈاکٹر محمود شوکت نے واضح کیا کہ پاکستان میں اب تک ری انفیکشن کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ پی آئی سی کے ڈاکٹر آفتاب کو بھی پہلی مرتبہ ہی کورونا وائرس ہوا تھا۔