پی ٹی آئی ہارن بجاؤ، حکمران جگاؤ تحریک ناکام بنانے کیلئے متحرک

14 Jul, 2020 | 10:42 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (شہزاد خان) تحریک انصاف ٹریڈرزونگ انجمن تاجران کی " ہارن بجاؤ، حکمران جگاؤ" تحریک کو ناکام بنانے کیلئے سرگرم ہوگئی، مرکزی صدر طاہر نوید نے انجمن تاجران کی تحریک کو اپوزیشن کا ناکام سیاسی ایجنڈا قرار دیدیا۔

پی ٹی آئی ٹریڈرونگ کے مرکزی صدر حاجی طاہر نوید، صدر لاہور میاں طارق فیروز، رفعت سنی، میاں سعید، میاں ادریس سمیت دیگر نے نیوز کانفرنس کی، مرکزی صدر حاجی طاہر نوید نے کہا کہ انجمن تاجران اپنے سیاسی آقاؤں، اپوزیشن کے ناکام سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔

صدر لاہور میاں طارق فیروز نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں پنجاب سمیت وفاقی حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا، اپوزیشن کو اس میں کوئی خامی نہ ملی تو انجمن تاجران کو اپنے ناکام سیاسی عزائم کی خاطر میدان میں اتارنے لگی۔

صدر والٹن کینٹ بورڈ میاں ادریس نے ہارن بجاؤ، حکمران جگاؤ تحریک کو غیر سنجیدہ قرار دیدیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ اپوزیشن کے ایماء پر کی جانے والی ہارن بجاؤ، حکمران جگاؤ تحریک کو لاہور سمیت ملک بھر کے تاجران مسترد کردیں گے۔

واضح رہےکہ10 جولائی  کو  آل پاکستان انجمن تاجران نے " ہارن بجاؤ، حکمران جگاؤ" تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا، جنرل سیکرٹری نعیم میر نے ہارن بجا کر انوکھی پریس کانفرنس کی، انہوں نے کہاکہ 18 جولائی کو ٹھوکر نیاز بیگ پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا، حکومت کی ناقص معاشی پالیسی سے تاجر پریشان ہیں، حکمرانوں کوجگانے کیلئے ہارن بجاؤ تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔

تاجروں نے مطالبہ کیا  کہ ہفتہ وار تعطیل صرف ایک ہواور دکانوں کو رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے ، تمام کاروبار کھولے جائیں، بلا سود قرضے دیئے جائیں۔

ذرائع کے مطابق قومی تاجراتحاد نے بھی" ہارن بجاؤ ،حکمران جگاؤ" تحریک میں بھرپورشرکت کا اعلان کردیا، مرکزی صدر قومی تاجر اتحاد ملک خالد نے کہا کہ18 جولائی کواسلام آباد میں پر امن احتجاج کیلئے نعیم میر گروپ کیساتھ ہیں۔

مزیدخبریں