( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے ملاقات کی، اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی ہے، بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کررہے ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ سید فخر امام کا کہنا تھا کہ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چاہیئے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر عالمی برادری کو بیدار ہونا پڑے گا۔