ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی یوزویندر چاہل نے اپنی اہلیہ اور ڈانسر دھنا شری ورما سے طلاق کی افواہوں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے اور اہلیہ کے درمیان طلاق کی افواہوں پر قیاس آرائیاں نہ کریں۔
یوزویندر چاہل نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام مداحوں کے دل سے شکر گزار ہیں جن کی محبت اور حمایت کی بدولت وہ اس مقام تک پہنچ پائے ہیں تاہم یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ ملک، ٹیم اور مداحوں کے لیے ابھی بہت سے شاندار اوورز باقی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں انہیں ایک کھلاڑی ہونے پر فخر ہے وہیں وہ ایک بیٹے، بھائی اور دوست بھی ہیں۔ یوزویندر چاہل نے کہا کہ حالیہ واقعات کے بعد لوگ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں تجسس رکھتے ہیں اور انہوں نے چند سوشل میڈیا پوسٹس میں ایسی قیاس آرائیاں دیکھی ہیں جو حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
کھلاڑی کا مزید کہنا تھا کہ ایک بیٹے، بھائی اور دوست کے طور پر وہ سب سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ ان قیاس آرائیوں میں نہ الجھیں کیونکہ یہ ان کے اور ان کے خاندان کے لیے بہت تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سکھایا گیا ہے، ہمیشہ سب کے لیے اچھا چاہو، محنت اور لگن سے کامیابی حاصل کرو اور کبھی شارٹ کٹ نہ اختیار کرو اور وہ اس پر ہمیشہ قائم رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ آپ سے محبت اور حمایت کی امید کروں گا، نہ کہ ہمدردی کی‘۔