ویب ڈیسک:پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر کی بالی ووڈ اداکار شاہد کپور سے ملاقات ہوئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فاسٹ بولر شعیب اختر نے ویڈیو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں شعیب اختر اور شاہد کپور کو گرمجوشی سے مصافحہ کرتے اور مسکراتے ہوئے ایک دوسرے سے باتیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے کیپشن میں شعیب اختر نے لکھا کہ ’ہاں جی! ہماری ویڈیو دیکھ کر آپ کو کیا سمجھ آرہا ہے‘۔
ویڈیو میں شعیب اختر اور شاہد کپور کے علاوہ ہربھجن سنگھ بھی نظر آ رہے ہیں جن کو شاہد کپور کندھے پر تھپکی دیتے نظر آتے ہیں۔
یہ ویڈیو متحدہ عرب امارات میں جاری انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کی افتتاحی تقریب کی ہے جس میں شاہد کپور کے علاوہ پوجا ہیگڑے اور سونم باجوہ نے بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے اسٹیج پر کئی مشہور شخصیات نے بھی پرفارم کیا۔
ملاقات میں بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے اپنی نئی آنے والی فلم ’ دیوا ‘ کے بارے بتایا کہ وہ کب ریلیز ہوگی اور اپنی سابق فلم کا بھی ذکر کیا کہ تقریباً اُس جیسی ہی ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی فلم ’دیوا‘31 جنوری کو ریلیز ہو گی جس کی وہ تشہیر کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’دیوا‘ میں شاہد کپور پولیس افسر کا کردار نبھائیں گے جبکہ اس کی دیگر کاسٹ میں پوجا ہیگڑے شامل ہیں جو کہ صحافی کے کردار میں نظر آئیں گی۔
اس سے قبل اس فلم کی ریلیز کی تاریخ 14 فروری طے کی گئی تھی تاہم اب اسے 31 جنوری کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔