پنجاب سمیت ملک بھر میں سردی کی شدید لہر،درجہ حرارت مزید گر گیا

14 Jan, 2025 | 09:19 AM

سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں  دھند چھائے رہنے کے ساتھ شدید سردی اور پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔

شہر لاہور کی فضا میں خنکی کا اثر برقرار ، موسم سرد اور خشک ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔  فضائی آلودگی کی مجموعی شرح میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم لاہور اب بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے۔ شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 172 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے مطابق لاہور ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، خاص طور پر اڈا پلاٹ 272، جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 267 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی قونصلیٹ کے قریب آلودگی 236 اور عسکری ٹین میں 214 ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں بھی غضب کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی کافی نیچے چلا گیا، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی،وادیاں اور نظارے حسین ہوگئے۔چترال میں شدید برفباری سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، چترال کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گاتاہم شدید سرد  کہر پڑنے اور چند مقامات پر ہلکی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔   صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے  تاہم  چترال، دیر اور سوات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش/برف باری ہو سکتی ہے ، بنوں،لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں چند مقامات پر درمیانی سے شدید جبکہ پشاور، نو شہرہ، مردان اور صوابی میں ہلکی سے درمیا نی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، بالا ئی ا ضلاع میں چند مقامات پر کہرپڑنے کا امکان ہے۔ 

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے جبکہ لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال ، سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی،بھکر، نور پور تھل، لیہ، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ڈی جی خان، اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے تاہم مری، گلیات اورگردونواح میں موسم شدید سرد اور   کہر پڑنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کےبیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنےکا امکان ہے تا ہم شمال مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلوود رہنے کی توقع ہے۔ 

 سندھ  کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے ،سکھر ، شہید بینظیر آباد،شکارپور، کشمور، خیر پور، ٹنڈوجام اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔   گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے جبکہ کشمیر  کے  چند مقامات پر کہرپڑنے کا بھی امکان ہے ۔ 

مزیدخبریں