(سعود بٹ) مسلم لیگ (ن ) کے ایم این اے میاں جاوید لطیف نے نیب میں پیشی کے دوران کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم پر چڑھائی کردی۔
لیگی رکن اسمبلی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا تھا، نیب ذرائع کے مطابق جاوید لطیف نے کہاکہ نیب کا نیا آرڈیننس آ چکا ہے، مجھے آپ لوگوں نے کیوں بلایا، میرے پاس اپنے اثاثوں کی اس وقت تفصیلات ہیں نہ بھائیوں اور خاندان کی، ایک ماہ کا وقت دیں، سوچ کر بتاﺅں گا کہ نیب میں آنا ہے یا نہیں۔
میاں جاوید لطیف نے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ 2000 میں جو اثاثہ تھے اور آج بھی وہی ہیں، 80 لیگی ایم این اے کو فروخت کرنے کے بیان پر انہوں نے کہا کہ خود پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کے ساتھ نہیں کھڑی، چودھری نثار کے حوالے سے لیڈرشپ سمجھتی ہے کہ انکو سائڈ پر کرنا درست فیصلہ تھا۔
نیب ذرائع کے مطابق میاں جاوید لطیف کے رویہ کا سینئر افسروں کے ساتھ جائزہ لیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق ان کی آئندہ طلبی پر جلد فیصلہ کیا جائے گا۔