حیلے بہانے نہیں چلیں گے، زینب کے قاتل جلد گرفتار کئے جائیں: شہباز شریف

14 Jan, 2018 | 02:05 PM

 (عمر اسلم) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ زینب قتل کیس میں حیلے بہانے نہیں چلیں گے، جلد از جلد درندہ صفت ملزم گرفتار کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب روزانہ قصورجائیں اور زیادتی کیسوں پر ہونے والے پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیں۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ معصوم بچی کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے والے درندہ صفت ملزم کو اس کا حساب دینا پڑے گا۔ سفاک درندہ عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائے گا۔ وزیر اعلی نے آجی پنجاب کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمسن بچی کے اندوہناک قتل کے ملزم جلد سے جلد گرفتار کئے جائیں۔ ملزموں کو پکڑ کر حقائق سامنے لائے جائیں۔ روزانہ قصورجائیں ۔اس ضمن میں میرا ہیلی کاپٹر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے قصور میں پیش آنیوالے زیادتی کے واقعات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناءاللہ، لیفٹیننٹ کرنل (ر) ایوب گادھی، خواجہ عمران نذیر، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، چیف سیکرٹری کیپٹن(ر)زاہد سعید اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ آرپی او ملتان، آرپی او شیخوپورہ اور ڈی پی او قصور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزیدخبریں