خطرناک ملزمان کا جیلوں کے اندر ٹرائل کرنے کا فیصلہ

14 Jan, 2018 | 11:46 AM

(ملک اشرف ) سیکیورٹی کے پیش نظر دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث خطرناک ملزمان کا جیلوں کے اندر ٹرائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صوبہ بھر کی انسداد دہشتگردی عدالتوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے جیلوں سےمنسلک کرنے کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کی جیلوں میں انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کے مقدمات کو بروقت نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیکیورٹی کے پیش نظر خطرناک ملزمان کا جیلوں کے اندر ہی ٹرائل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے صوبہ بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے جیلوں سے ملانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے فنڈز بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جس پر عمل درآمد کا آغاز لاہور کی اے ٹی سی عدالتوں سےجلد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد کے لیے انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انسپکشن جج جسٹس عبدالسمیع خان نے ہوم سیکرٹری سے ایک ہفتہ میں رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ خطرناک ملزموں کو پیش کرنے کی بجائے ججز عدالتوں میں بیٹھ کر ان کا جیلوں میں ٹرائل کریں گے۔ گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوتے وقت ویڈیو لنک کے ذریعے انہیں جیل سے دیکھ اور سن سکیں گے۔ وکلاء بھی جیلوں میں خطرناک ملزمان سے عدالتوں میں کھڑے ہوکر ویڈیو لنک کے ذریعے بحث کرسکیں گے۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں

مزیدخبریں