(حسن خالد) لاہور بار ایسوسی ایشن کےسالانہ انتخابات میں صدارت کا سہرا عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار ملک ارشد کے سر سج گیا ،ان کے مد مقابل حامد خان گروپ کے امیدوار عاصم چیمہ کو صرف 1861 ووٹ ملے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق ملک ارشد 3075 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہو گئے۔ ان کے مد مقابل حامد خان گروپ کے امیدوار عاصم چیمہ کو صرف 1861 ووٹ ملے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق نائب صدر کی دو نشستوں پر سخت مقابلے کے بعد فواد رامے 1903 ووٹ لے کر سینئر نائب صدر جبکہ مہر تنویر افتخار 1901 ووٹ حاصل کر کے نائب صدر منتخب ہوئے۔، سیکرٹری کی دو نشستوں پرملک سہیل مرشد اور فراز لون کو واضع برتری حاصل ہے۔
نائب صدر ماڈل ٹاون کی سیٹ کے لیےمیاں آصف علی نے 2501 ووٹ لے کر برتری حاصل کی، نائب صدر کینٹ کچہری کی سیٹ کے لیےعزیز بھٹی 1290 ووٹ کے کر کامیا ب ہوئے، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر ایم عثمان نے 1876 جبکہ خزانچی کی نشست پر خاتون امیدوار شبنم بانو نے 1764 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ آڈیٹر کی نشست پر سلطان محمود میاں نے 2538 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ لائبریری سیکرٹری کی نشست پر رانا عامر فاروق نے 1518 ووٹ کے ساتھ جیت اپنے نام کی۔
جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں کی جانب سے خوب جشن منایا گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، نومنتخب صدر ملک ارشد کا کہنا تھا کہ الیکشن میں عام وکیل کی جیت ہوئی ہے۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں