(عمر اسلم ): وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے علی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا اور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا، کہتے ہیں کہ یہ منصوبہ عام آدمی کو باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بغیر پروٹوکول کوسٹر میں بیٹھ کر اورنج لائن منصوبے کے سلسلے میں چوبرجی ملتان روڈ، جی پی او چوک سمیت دیگر اسٹیشنز کا دو گھنٹے دورہ کیا۔ انہوں نے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ انڈر گراؤنڈ حصے میں بھی گئے، انہوں نے منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگااور لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے سب نے ملکر کام کرنا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز سے بھی ملاقات کی انہیں دیکھ کر لوگوں نے شہباز شریف زندہ باد کے نعرےبھی لگائے۔
شہباز شریفکا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی نے اس منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولتوں سے محروم رکھنے والی جماعت نے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورے کے دوران لیگی رہنما خواجہ احمد حسان، کمشنر لاہور عبداللہ سنبل اور احد خان چیمہ سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں