ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے سی ایس ایس کے سال 2025 کے امتحانات روکنے کی درخواست خارج کردی،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کسی کی خواہش پر پورے ملک میں امتحانات نہیں روک سکتے، عدالت عالیہ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کی ۔
جسٹس شاہد کریم نے شہری حمزہ عارف سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی ،وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ جبکہ درخواست گزاروں کی جانب سے نبیل جاوید کاہلوں ایڈوکیٹ پیش ہوئے ،ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمشن کی جانب سے جواب جمع کروایا ، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ فیڈرل پبلک سروس کمشن نے سی ایس ایس کے سال 2025 کے امتحان کیلئے شیڈول جاری کر دیا ، ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا 15 فروری سے 23 فروری تک سی ایس ایس کا امتحان ہے، تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، وکیل۔ درخواست گزار نے کہا پبلک سروس کمشن نے ابھی تک سال 2024 کے لیے گئے امتحان کے نتائج کا اعلان نہیں کیا، نتائج کا اعلان کیے بغیر نیا امتحان درخواست گزاروں کے ساتھ ناانصافی ہے، ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ نے جواب دیا رول سولہ کے تحت امیدوار رزلٹ کا انتظار کئے بغیر آئندہ امتحان میں شمولیت کا اہل ہے، وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ فوری طور پر 2024 کے امتحان کے نتائج کا اعلان کرنے اور 2024 کے نتائج کے اعلان تک 2025 کے سی ایس ایس کے امتحانات روکنے کا حکم دے، ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ نے جواب دیا اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اسی نوعیت کی درخواستیں خارج کی ہیں ، پورے ملک سے 18139 امیدواروں کو رولمبر سلپس جاری کرکے تمام انتظامات مکمل ہیں ، پورے ملک میں لاہور سمیت 19 شہروں میں امتحان منعقد کروایا جارہا ہے ، جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کی خواہش پر پورے ملک میں امتحان نہیں روکے جاسکتے ، وکیل نے استدعا کی کہ ابھی رزلٹ نہیں آیا ، ان کے رزلٹ آنے تک امتحان روکیں جائیں ، عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد امتحان روکنے کی درخواست خارج کردی.