پی ٹی آئی کے سات بڑوں کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم

14 Feb, 2024 | 05:45 PM

جمال الدین جمالی : انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ شادمان نزر آتش کیس میں ملوث 7 اشتہاری ملزمان کی جائیداد قرقی کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے  تھانہ شادمان نذر آتش کیس کی سماعت  کی، دوران سماعت پولیس نے اشتہاری ملزمان کی جائیداد قرقی کیلیے عدالت میں درخواست دائر کی۔ پولیس نے درخواست کی کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش  ہیں ان کی  جائیداد  قرقی کا حکم دیا جائے تاکہ ملزم گرفتاری دیں۔ 

عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے اشتہاری ملزم میاں اسلم اقبال، محمد زبیر خان نیازی، حماد اظہر،  جمشید اقبال چیمہ، مسرت اقبال چیمہ، حسان نیازی اور مراد سعید کی جائیداد قرق کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ ان تمام ملزموں کا تعلق  پی ٹی آئی سے ہے اور ان کا شمار اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ حماد اظہر سابق گورنر اور 8 فروری کے انتخابات میں این این اے منتخب ہونے والے میاں اظہر کے بیٹے ہیں۔ مراد سعید سابق وفاقی وزیر اور بانی پی ٹی آئی کے قریبی ترین مشیر ہین، میاں اسلم اقبال لاہور میں پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں، مسرت جمشید چیمہ پی ٹی آئی کے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ترجمان رہی ہیں اور جمشید چیمہ ان کے شوہر ہیں۔ حسان نیازی بانی پی ٹی آئی کا بھانجا ہے، زبیر خان نیازی پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کے مشیر اور وزیر اعظم شکایات سیل کے چئیرمین رہے ہیں۔  یہ تمام ملزم 9 مئی کے سانحہ کے بعد سے مسلسل روپوش ہیں، ان مین سے بعض کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں کہ وہ بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔





مزیدخبریں