ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 21 میں دوبارہ گنتی روکنے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کے دوران آر او کے دفتر میں شرپسندوں کے گھسنے پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی۔کمیٹی میں الیکشن کمشنر بلوچستان، ڈی آر او حب، الیکشن کمیشن بلوچستان کے ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر لاء کو شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے پی بی 21 کے 39 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی ری کاؤنٹنگ کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پی بی 21 حب سے بی اے پی کے محمد صالح 30910 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ نیشنل پارٹی کے رجب علی رند 17000 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حسن 14120 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔