5 ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ

14 Feb, 2023 | 03:51 PM

(علی رامے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے بورڈ کا 45 واں اجلاس ہوا جس میں ترکی اورشام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت  اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔

محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن کو رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے زیرانتظام فنکشنل کرنے کا جائزہ لیا گیا۔لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اورملتان میں پولیس لائنز ڈسپنسریز کو بھی رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے زیر انتظام کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قابل عمل پلان طلب کرلیا۔

وزیر اعلٰی نے کہا کہ پولیس لائنز میں قائم ڈسپنسریز کو انڈس کے زیر انتظام ہسپتالوں کی طرز پر چلانے کے بارے میں جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ محسن نقوی نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز میں لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔انڈس فاؤنڈیشن کے زیر انتظام 5ہسپتالوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سی ٹی سکین مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

اجلاس میں چیئرمین ہسپتال طلعت محمود،بانی چیئرمین میاں احسن، انوار احمد خان، فیصل آفریدی، میاں احمد فضل شریک ہوئے، عزیز الرحمن، ڈاکٹرتسمان ابن رسا، ڈاکٹر شفیق حیدراور آصف جاوید نے شرکت کی جبکہ معروف صنعتکار گوہر اعجاز، صوبائی وزراء جاوید اکرم، جمال ناصر اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

مزیدخبریں