(مانیٹرنگ ڈیسک) یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ہانگ کانگ میں ایک فرد نے اپنی پسند کی لائسنس پلیٹ خریدنے کے لیے 32 لاکھ ڈالرز (85 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کردیے۔
12 فروری کو ہانگ کانگ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایک ایسی لائسنس پلیٹ کی نیلامی کی گئی تھی جس پر صرف R درج تھا۔
اس لائسنس پلیٹ کو ایک نامعلوم فرد نے 32 لاکھ ڈالرز میں خریدا اور اس طرح یہ ہانگ کانگ کی تاریخ کی دوسری مہنگی ترین لائسنس پلیٹ بن گئی۔
اس سے قبل 2021 میں حرف W پر مبنی لائسنس پلیٹ 33 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوئی تھی۔
ہانگ کانگ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 2006 میں پرسنلائزڈ کار پلیٹ سسٹم متعارف کرایا گیا تھا جس کے بعد سے اب تک 160 سے زائد لائسنس پلیٹوں کو نیلام کرکے 60 کروڑ ہانگ کانگ ڈالرز حکومتی خزانے میں جمع کیے گئے ہیں۔
ہانگ کانگ کے رہائشی اپنی پسند کی لائسنس پلیٹ کے لیے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جس کے کئی ماہ بعد لائسنس پلیٹ کی نیلامی ہوتی ہے، R لائسنس پلیٹ کی نیلامی طے کردہ قیمت سے 5100 گنا زیادہ قیمت پر ہوئی۔