سٹی 42: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔ محمد نواز مین آف دی میچ اور محمد رضوان مین آف دی سیریز قرار پائے۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی شاہینوں نے اپنے نام کرلی ہے۔ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز پروٹیز مایوس کن رہا اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پروٹیز کی نصف ٹیم 46 رنز پر پویلین پہنچ چکی تھی۔
تاہم ڈیوڈ ملر نے شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور 45 گیندوں پر 7 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے 3 جبکہ محمد نواز اور حسن علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
165 رنز کا ہدف پاکستان نے 8 گیند قبل پورا کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم 44، محمد رضوان 42، حسن علی 20 اور محمد نواز نے 18 رنز بنائے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی کےبعد پاکستانی ٹیم 100 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
Pakistan have done it ????
— ICC (@ICC) February 14, 2021
Hasan Ali slams a six to wrap up a 2-1 series win with eight balls remaining ????#PAKvSA | https://t.co/yCpa5Fvdbm pic.twitter.com/Vt3nSKMd5A
تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی۔ افتخار احمد، خوشدل شاہ اور حارث روف کو ٹیم سے ڈراپ کر کے آصف علی، حسن علی اور زاہد محمود کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی اس کارکردگی نے مداحوں کو خوش کردیا ہے ، ایک برانڈکی حیثیت سےکرکٹ فینز پاکستان کرکٹ اور اس سے جڑے ستاروں سےملک کے اندر اور باہر ایسی ہی کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سیریز میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے واضح ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ان کی کارکردگی میں تسلسل بھی واضح ہے، وہ پرامید ہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور یہ کارکردگی مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید فتوحات کی بنیاد بنے گی۔