( سٹی 42 ) ریس کورس کے علاقے ظفر علی روڈ کے گندے نالے سے 54 سالہ شخص کی لاش برآمد، لاش کی شناخت قلندر حسین کے نام سے ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق امن و امان کی خراب صورتحال، قتل و غارت گری، اغوا برائے تاوان، خواتین و بچوں کے ساتھ زیادتی و اغوا، ڈکیتی و چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور سرعام فائرنگ جیسے جرائم میں خطرناک حد تک اضافے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے عملی اقدامات ہوتے نظر نہیں آرہے۔
پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ ظفرعلی روڈ کے قریب گندے نالے سے لاش پڑی ہوئی ہے، جس کو ایدھی اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ ملکر موقع پر پہنچ کر نالے سے باہر نکالا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ متوفی کی شناخت قلندر حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ 55 سالہ متوفی قلندر حسین سرگودھا کا رہائشی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ لاش پانچ سے چھ روز پرانی معلوم ہوتی ہے جسے پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔
دو روز قبل گارڈن ٹاؤن کے علاقے برکت مارکیٹ کے قریب رکشہ ڈرائیور جناح ہسپتال کی جانب جا رہا تھا کہ اسی دوران ڈاکوؤں نے اسے روک لیا اور گن پوائنٹ پر یرغمال بناتے ہوئے رکشہ چھیننے کی کوشش کی، جس پر رکشہ ڈرائیور کی جانب سے مزاحمت کی گئی،مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے رکشہ ڈرائیور پر فائرنگ کر دی اور رکشہ لیکر موقع سے فرار ہو گئے۔ریسکیو نے رکشہ ڈرائیور کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
شہر میں آئے روز ایسے واقعات نے شہریوں کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا ہے، شہریوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔