نبیل ملک:زمانہ بدل گیا لیکن ایئرپورٹ پر ڈیوٹی کرنے والا پی آئی اے کا عملہ اپنی روز مرہ کی کوتاہیوں سے باز نہ آیا، پی آئی اے کے ڈیوٹی عملے نے سنگین نوعیت کی ایسی کیا غلطی کی جس پر انتظامیہ نے سب کو وارننگ جاری کر دی۔
لاہور ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے سے متصل اور طیاروں کے لیے مخصوص "ایپرن ایریا" پر کسی بھی انسان کا حفاظتی اقدامات یا گاڑی کے بغیر چلنا سختی سے منع اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ایسے حساس مقام پر پی آئی اے کے عملے کی سنگین غفلت کی تصاویر سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ کے "ایپرن ایریا" پر ڈیوٹی کرنے والا پی آئی اے ملازم وہیل چیئر پر مسافر کو جہاز سے اتارنے کے بعد "ایپرن ایریا" کراس کرا رہا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاہور ایئرپورٹ کے منیجر اختر مرزا متحرک ہو گئے اور سول ایوی ایشن کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز عملے کو تنبیہ جاری کی جائے کہ آئندہ ایسی حرکت پر بھاری جرمانے سمیت ڈیوٹی پاس بھی منسوخ کر دیا جائے گا ۔
اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سول ایوی ایشن کے سینئر افسر نے بتایا کہ یہ معمول کی بات ہے لیکن ایئرپورٹ انتطامیہ سخت کارروائی کرنے کی بجائے بس معمول کا انتباہ جاری کر دیتی ہے، مرکزی رن وے پر لینڈنگ کے بعد جب جہاز ٹرمینل بلڈنگ کی طرف آتے ہیں تو "ایپرن ایریا" ہی سے گزرتے ہیں، ایسے میں طیارے کے تمام انجن بھی سٹارٹ ہوتے ہیں جو انسانوں سمیت کسی بھی شے کو اپنی جانب کھینچنے کی طاقت رکھتے ہیں، اگر مستقبل میں ایسے واقعات کی سختی سے روک تھام ممکن نہ بنائی گئی تو خوفناک حادثہ ہو سکتا ہے۔