(قذافی بٹ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ فیصلہ کرنے والوں نے بھی اللہ کی بارگاہ میں پیش ہونا ہے اور سب سے زیادہ جواب طلبی بھی انہی سے ہوگی، جن لوگوں نے الزام تراشی اور منافقت کی سیاست کی، انہیں صادق اور امین ٹھہرا دیا گیا اور مجھے بیٹے سے تنخواہ لینے پر نااہل کردیا۔ لودھران کا الیکشن مخالفین کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نوازشریف ایمپریس روڈ پر جامعہ نعیمیہ کے مہتم اعلیٰ ڈاکٹر راغب نعیمی کے چچا تاجور نعیمی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ محمد نوازشریف نے ڈاکٹر راغب نعیمی سے انکی دادی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے گالم گلوچ، الزام تراشی، بہتان تراشی اور منافقت کی سیاست کی انہیں صادق اور امین ٹھہرا دیا گیا، بیٹے سے تنخواہ لینے پر مجھے نااہل کردیا۔منصفوں کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے بھی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیش ہوکر جوابدہ ہونا ہے وہاں پر کیا جواب دیں گے؟
نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکا ہے اب مخالفین کا کیا ذکر کروں؟ لودھراں کا الیکشن انکے لیے لمحہ فکریہ ہے لودھراں کے الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے روبرو سرجھکاتا ہوں۔
ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ووٹ کے تقدس کو بحال کرنا ہے ،عوام کے مینڈیٹ کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے۔