ترقیاتی کاموں کے باعث فضائی آلودگی کیخلاف اسمبلی میں تحریک التوا جمع

14 Feb, 2018 | 11:21 AM

(قذافی بٹ) لاہور میں ترقیاتی کاموں کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث فضائی آلودگی میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع۔

تفصیلات کے مطابق تحریک التوا تحریک انصاف کی نوشین حامد کی جانب سے جمع کرائی گئی، تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ مال روڈ ایوان اقبال،شملہ پہاڑی،لکشمی چوک اور میٹرو ٹرین کے ارد گرد ترقیاتی کام جاری ہے ، ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ہر طرف گرد آلود مٹی اڑتی نظر آتی ہے،جس کی وجہ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے جبکہ الیکشن کی آمد کے پیش نظر گلی محلوں میں بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔

ناقص منصوبہ بندی کے باعث شہر میں ہر وقت ٹریفک جام معمول بن گیا ہے, جس سے لوگوں کی مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے, جاری ترقیاتی کاموں کی وجہ سے فضائی آلودگی کی شرح میں بے حد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شہری سانس الرجی اور دیگر بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں, شہریوں کی بڑی تعداد مختلف ہسپتالوں میں علاج کی غرض سے پہنچ رہے ہیں, شہریوں نے حکومت سے ناقص منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں