عبدالعلیم خان سے قازقستان کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق

14 Dec, 2024 | 08:51 PM

ویب ڈیسک : وفاقی وزیرمواصلات و نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن  کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین سرمایہ کاری اور راہداری کو مزید وسعت دینے کے اہم مواقع موجود ہیں اور اس تناظر میں مشترکہ تاریخ، مذہب اور تہذیب دونوں ممالک کے تعلقات کو ترویج دینے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے  مابین دیرینہ تعلقات ہیں اور حکومت اپنی شاہراہوں کو وسطی ایشیائی ممالک تک وسعت دینے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ ان ممالک  کی پاکستانی معاشی مراکز تک رسائی بہتر ہوسکے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات بھی کر رہی ہے جس سے ملکی بندرگاہوں تک وسطی ایشیائی ممالک کی رسائی ممکن ہو سکے گی،غیر ملکی سرمایہ کاری کو سپورٹ کرنے کیلئے پاکستان بہتر سے بہتر روڈ انفراسٹرکچر کا خواہاں ہے اور موجودہ حالات میں پاکستان کی صنعتی مصنوعات وسط ایشیا ء کے ممالک کیلئے بہترین آپشن ہیں۔انہوں نے کہاصنعتی مصنوعات کے فروغ کیلئے پاکستان کو ملک کے اندر اور باہر ڈسپلے سنٹرز بنانے چاہیں جس سے ایک ہی چھت کے نیچے صنعتی مصنوعات ملکی اور غیر ملکی بزنس کمیونٹی کو دستیاب ہوں گی۔

قازقستان کے سفیریرزہان کستافن نے کہا کہ پاکستان سے بہترین تجارتی اور راہداری تعلقات قازقستان کے اپنے مفاد میں ہیں۔  

مزیدخبریں