ویب ڈیسک:بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے خوبرو اداکار وکرانت میسی نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام ہینڈل کے ذریعے کریئر کے عروج پر مداحوں کو فلمی دنیا سے رخصت لینے کا فیصلہ سناتے ہوئے حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔
ایک بیان میں وکرانت کا کہنا تھا کہ 'اداکاری کی دنیا سے ریٹائر ہونے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ہے بس اپنی ذاتی زندگی پر توجہ دینا چاہتا ہوں'۔ 'میں ریٹائر نہیں ہو رہا، بس چھٹیوں پر جارہا ہوں کیونکہ اتنا کام کرنے کے بعد مجھے فیملی کے ساتھ ایک ویکیشن کی ضرورت ہے‘۔
حال ہی میں وکرانت میسی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکاری سے وقفہ لینے کے فیصلے کی وضاحت کی ہے،وکرانت میسی نے کہا کہ جس زندگی کا میں نے ہمیشہ خواب دیکھا تھا، آخر کار میں نے اسے حاصل کر لیا، اس لیے میں نے سوچا کہ اب اسے جینے کا وقت آگیا ہے، میں بس ایک وقفہ لینا چاہتا ہوں کیونکہ بہرحال ہر چیز عارضی ہوتی ہے، بس یہی وجہ ہے کہ میں اگلے سال صرف ایک فلم کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کا دباؤ اداکاری سے وقفے والی پوسٹ شیئر کرنے کی ایک اہم وجہ تھا، جس کا میں اعتراف کرتا ہوں، میں ایک پبلک لائف گزار رہا ہوں مگر ایک بارڈر لائن انٹروورٹ ہوں، ہمیں سوشل میڈیا پر آنا ہی پڑتا ہے لیکن اگر کوئی مجھے آپشن دے تو میں بس کبھی کبھی ہی سوشل میڈیا پر آؤں گا، جب بھی مجھے کچھ شیئر کرنے کی ضرورت محسوس ہوگی۔
وکرانت نے کہا کہ جب میں نے وہ پوسٹ ڈالی تو میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی فلم 'سابرمتی رپورٹ' دیکھنے والا تھا، ایک معتدل پس منظر سے تعلق رکھنے والا ایک لڑکا جو صرف کیمرے کے سامنے اداکاری کرنا چاہتا تھا، اُسے جب اتنا کچھ نصیب ہوجائے، کہ وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر وہ اپنی فلم دیکھے، تو کیا آپ کو نہیں لگتا کہ اس کا مجھ پر کوئی اثر نہ پڑتا؟