سٹی 42 : شاعر جون ایلیاء کو پرھنے اور چاہنے والے آج اپنے پسندیدہ شاعر کی 93 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
جون ایلیاء کا اصل نام سید جون اصغر تھا، جون 14 دسمبر 1931ء کو بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے امروہہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد علامہ شفیق حسن ایلیاء اردو، فارسی، عربی اور عبرانی زبان کے عالم تھے جبکہ اردو کے نامور دانشور سید محمد تقی اور معروف شاعر رئیس امروہوی ان کے بڑے بھائی تھے۔
جون کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے پہلا شعر صرف 8 سال کی عمر میں کہا اور پھر عمر بھر سخن وری کرتے رہے۔نوجوان نسل کے پسندیدہ شاعر جون ایلیاء کو ان کے انوکھے اندازِ تحریر کی وجہ سے سراہا جاتا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر 2000ء میں انہیں صدارتی تمغۂ حسنِ کارکردگی عطاء کیا تھا۔
جون ایلیاء نے معروف کالم نگار و افسانہ نگار زاہدہ حنا سے شادی کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکی۔
جون ایلیاء کے شعری مجموعے ’شاید‘، ’یعنی‘، ’لیکن‘، ’گمان‘ اور ’گویا‘ کے نام سے شائع ہوئے ہیں۔
جون 8 نومبر 2002ء کو اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے تھے، انہیں کراچی میں واقع سخی حسن قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔