ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی وی اور ٹی آر ٹی کے درمیان مشترکہ نشریات اور ترک ڈرامے دکھانے پر اتفاق

پی ٹی وی اور ٹی آر ٹی کے درمیان مشترکہ نشریات اور ترک ڈرامے دکھانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پی ٹی وی اور ترکیہ کے سرکاری ٹی وی "ٹی آر ٹی" کے درمیان مشترکہ نشریات اور ترک ڈرامے دکھانے پر اتفاق ہوگیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ترکیہ کے صدارتی ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر فحرتین التون کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے،عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے،اسلاموفوبیا اور مِس انفارمیشن کے خاتمے،میڈیا وفود کے تبادلوں اور مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پرپی ٹی وی اور ترکیہ کے سرکاری ٹی وی "ٹی آر ٹی" کی مشترکہ نشریات سمیت "ارطغرل غازی" جیسے ترک ڈرامے پاکستان میں دکھانے پر اتفاق کیا گیا،پاکستان کی وزارت اطلاعات اور ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے درمیان ورکنگ گروپ کی تشکیل اوردونوں اطراف سے فوکل پرسن نامزد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا،ملاقات میں تفریح اور سیاحت کے شعبے میں تعاون اورمشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، میڈیا تعاون سے عوامی سطح پر روابط مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری سے دونوں ممالک کی ثقافتوں کا آپس میں تبادلہ ہوگا،ہمیں نوجوان نسل کو پاکستان اور ترکیہ کے مابین تاریخی تعلقات سے آگاہی فراہم کرنا ہوگی۔

 وفاقی وزیراطلاعات نے پروفیسر فحرتین التون کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی،اس موقع پرپروفیسر فحرتین التون نے پاکستان میں میڈیا کی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیااور کہا کہ ترک ڈرامہ "ارطغرل غازی"نے پاکستان میں بہت مقبولیت حاصل کی،پاکستانی فنکاروں اورموسیقاروں کو ترکیہ میں بہت پسند کیا جاتا ہے،دونوں ملکوں میں میڈیا تعاون سے اسلاموفوبیا اورمس انفارمیشن کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔ 

 وفاقی وزیراطلاعات نے ترک میڈیا پر کشمیر کے حوالے سے کوریج پرپروفیسر فحرتین التون کا شکریہ بھی ادا کیا۔