باسم سلطان: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "ستھرا پنجاب" کو کامیاب بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا متحرک ہو گئے۔ انہوں نے تحصیل رائیونڈ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور صفائی و ستھرائی سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کے ہمراہ سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر بھی موجود تھے۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کی صفائی کے بہترین اقدامات کو سراہا اور صفائی کے نظام میں مزید بہتری لانے کی ہدایت دی۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ "صفائی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے عوام میں آگاہی پھیلائی جائے اور کوڑا کرکٹ جلانے کی نشاندہی پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔"
انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کے حکام کو ہدایت کی کہ شہر میں کسی بھی جگہ بینرز، اسٹیریمرز اور پینافلیکسز نہ لگائے جائیں اور تجاوزات مافیا کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے شہری آبادی سے جانوروں اور جھگیوں کے انخلاء کے بارے میں بھی ہدایات جاری کیں۔