9مئی کلمہ چوک کینٹینر جلانے کا مقدمہ، پی ٹی آئی کے 8 روپوش رہنما اشتہاری قرار

14 Dec, 2024 | 11:43 AM

ویب ڈیسک: انسداد دہشتگردی عدالت لاہورنے نو مئی کو کلمہ چوک پر کینٹینر جلانے کے مقدمے میں 8 روپوش پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

 عدالت نے تھانہ نصیر آباد میں درج مقدمے میں پولیس کی درخواست پر کارروائی کی۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہو چکے ہیں، ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے مگر وہ گرفتار نہ ہو سکے۔ جس پر عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید، زبیر خان نیازی، حامد رضا گیلانی، محمد جاوید، عبد الصمد اور واثق قیوم کو اشتہاری قرار دے دیا۔

 عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔

 دوسری جانب اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گرفتار 32 ملزمان کو کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔ ڈی چوک احتجاج میں گرفتار 32 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے رات گئے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ رات دیر گئے ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جہلم جیل سے پیش کرنے پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے برہمی کا اظہار کیا۔ ملزمان کی جانب سے ان کے وکیل انصر کیانی رات پیش ہوئے۔

 تفتیشی افسر کا کہنا تھا ملزمان کو 25 نومبر کو گرفتار کیا گیا لیکن شناخت پریڈ نہ ہو سکی، ملزمان کے 30، 30 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

  وکیل صفائی انصر کیانی کا کہنا تھا پولیس نے نمبر پورے کرنے کیلئے مزدوروں کو گھروں سے گرفتار کیا۔ عدالت نے کمرہ عدالت میں 32 ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کر انہیں کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔

  تحریکِ انصاف کے جلسے کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں عمر ایوب اور زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں میں 8 جنوری تک توسیع کر دی۔

 عمر ایوب اور زرتاج گل کے خلاف تحریکِ انصاف کے سنگجانی جلسے کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی،اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمر ایوب اور زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔

  عمر ایوب اور زرتاج گل کی جانب سے وکلاء سردار مصروف اور آمنہ علی عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے عمر ایوب اور زرتاج گل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔

مزیدخبریں