انسداد سموگ کے لیے سموگ کلین ٹاور محمود بوٹی میں نصب

14 Dec, 2024 | 11:14 AM

کومل اسلم:  محکمہ تحفظ ماحولیات اور این یو ایس ٹی کی ٹیم نے لاہور کے علاقے محمود بوٹی میں سموگ کلین ٹاور نصب کر دیا ہے۔ یہ ٹاور فضائی آلودگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس کی تنصیب اور کیلیبریشن کا عمل جاری ہے۔ 21 دسمبر تک یہ ٹاور مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

محمود بوٹی کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ مقام فضائی آلودگی کی بلند سطح پر واقع ہے۔ سموگ کلین ٹاور ہوا میں موجود زہریلے ذرات کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو کہ لاہور کے فضائی آلودگی کے مسئلے کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

 سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس منصوبے کو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ ٹاور نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ماڈل ثابت ہوگا۔

مزید برآں، محکمہ تحفظ ماحولیات نے آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ لاہور میں 6 صنعتی یونٹس، بشمول سٹیل ری رولنگ ملز اور سٹیل فرنس، کو سیل کر دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے محکمہ کی کارکردگی پر ٹیموں کو شاباش دی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کے تمام ممکنہ اقدامات پر زور دیا۔


 
 
 
 

مزیدخبریں