فاران خان: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں سردی کی لہر میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی۔
شہر لاہور میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی لہر میں شدت آگئی، آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری تک جانےکا امکان ہے۔شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی نہ آ سکی، شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 224 ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا پہلا نمبر ہے۔سی ای آر پی آفس 334،عسکری ٹین میں شرح 285ریکارڈ، فیز 8ڈی ایچ اے 265،امریکی قونصلیٹ میں شرح 264ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی کا موسم آج سرد اور خشک رہے گا جبکہ صبح سویرے ہلکی دھند نے شہر کو گھیرے رکھا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو 12 ڈگری محسوس ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج دن بھر درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ آئندہ دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔سرد موسم کے ساتھ ساتھ کراچی کی ایئر کوالٹی انڈیکس بھی مضر صحت سطح تک پہنچ چکا ہے۔ شہر کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال سرفہرست ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 173 ریکارڈ کیا گیا۔ شاہراہ فیصل اور کورنگی دوسرے اور تیسرے آلودہ ترین علاقے ہیں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 162 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کا نمبر بارہواں ہے، جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی 100 سے 200 پرٹیکیولیٹ میٹرز کی سطح صحت کے لیے مضر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد رہنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب اور سندھ میں سرد ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں موسم شدید سرداور کہرپڑنے کی توقع ہے،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرپڑنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، صبح کے اوقات میں ملتان،بہاولپور، رحیم یار خان ، بہاولنگراور گردونواح میں بعض مقامات پر ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے، بالائی اضلا ع کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرپڑنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے، سکھر ، شکارپور، کشمور، خیر پور اور گردونواح میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے صبح کے اوقات میں کشمیر(راولاکوٹ،کوٹلی اورگردونواح) میں چند مقامات پر کہر پڑنے کی توقع ہے۔