ویب ڈیسک: اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم نے 2025 میں مزید کامیابیوں کو اپنا ہدف قرار دیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ 2024 کی طرح 2025 میں بھی اعزازات حاصل کرنے ہیں جس کے لیے میں نے محنت شروع کر دی ہے ، چار ماہ کے وقفے کے بعد ٹریننگ کر رہا ہوں اور فوکس فٹنس پر ہے ۔
اولمپئین ارشد ندیم اپنے کوچ سلمان اقبال بٹ کی نگرانی میں ان دنوں پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور ٹریننگ کے پہلے مرحلے میں فٹنس پر فوکس کیا جا رہا ہے ۔
ارشد ندیم نے ٹریننگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ چار ماہ کے وقفے کے بعد ٹریننگ کر رہا ہوں ایک مکمل شیڈول ترتیب دیا گیا ہے اس کے مطابق ٹریننگ کر رہا ہو ں فٹنس پر زور دے رہا ہوں اور جلد بھرپور پریکٹس بھی شروع کر دوں گا ۔
ارشد ندیم نے کہا کہ آئندہ برس بڑے اہم ایونٹس آ رہے ہیں ،بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہوں گا ، 2025 میں بھی میں نے کامیابی حاصل کرنا ہے ، آئندہ برس میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین ، ڈائمنڈ لیگز اور ورلڈ ایٹھلیٹکس چیمپئین شپ میں شرکت کروں گا۔
اولمپئین جیولین تھرور نے کہا کہ اولمپکس کے لیے بڑی محنت کی تھی تب میں نے کہا تھا کہ اگر میں اپنا بہترین کروں گا تو کامیابی ملے گی ۔ پورے پاکستان نے بڑی دعائیں کیں میں نے محنت کی اور میں اولمپکس کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوا اب میرا ہدف ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا ہے اس میں بھی کامیاب ہوں گا۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کہنا ہے کہ کنڈیشنگ سیشن جاری ہے ، مسلز کو مضبوط کیا جا رہا ہے ، کیونکہ وقفے کے بعد ٹریننگ شروع کی گئی ہے اس کے لیے باڈی کو عادی بنانا ہے اور اگلے مرحلے میں جیولین تھرو کی پریکٹس شروع کی جائے گی ۔
مزید خبریں