پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

14 Dec, 2023 | 11:55 AM

 (ویب ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں تیل قیمتوں میں کمی کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 دسمبر کو 10 روپے فی لیٹر نیچے آنے کا امکان ہے۔

 نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی سطح پر ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر صارفین کیلئے قیمتوں میں معقول کمی ممکن ہے،حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ڈیزل تقریباً 4 ڈالر فی بیرل سستا ہوکر 99.50 ڈالر سے 95.50 ڈالر پر آگیا جبکہ پٹرول کی قیمت 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 81.7 ڈالر پر آ گئی۔

 دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر 284 روپے پر آگئی جوکہ یکم دسمبر کو 285.5 پر تھی، اس عرصے کے دوران خام تیل کی قیمت 79 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 73 ڈالر تک آگئی،لہذا ڈیزل کی قیمت کم از کم 12 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت کم از کم 10 روپے فی لیٹر نیچے آنے کا امکان ہے۔

  مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 7 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 13 روپے کی کمی متوقع ہے،حکومت اس وقت 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے جوکہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ حد ہے،حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مالی سال 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ٹارگٹ مقرر کیا تھا لیکن اب توقع کی جارہی ہے کہ جون کے آخر تک یہ ٹارگٹ 950 ارب روپے سے زائد تک بڑھایا جائے گا۔

 خیال رہے کہ 15 روز قبل حکومت پاکستان نے آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 نومبر 2023 سے ردوبدل کا فیصلہ کیا تھا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کرتے ہوئے حکومت نے پیٹرول کی قیمت 2 روپے 4 پیسے فی لیٹر کم کردی، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 281 روپے 34 پیسے ہوگئی۔

مزیدخبریں