پاکستان کی معروف شیف کیساتھ ڈکیتی کی واردات

14 Dec, 2022 | 01:45 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی معروف شیف اور نجی ٹی وی سے وابستہ شیرین انور کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوگئی۔

شیرین انور نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں انکشاف کیا جس کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر زیر گردش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'میرے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا جس نے مجھے بہت زیادہ خوفزدہ کیا، ڈکیت مجھے پہچان گئے اور انہوں نے کہا کہ آپ شیرین آپا ہیں نا'۔

پاکستانی شیف نے کہا کہ 'انہوں نے مجھے 2 سے 3 تھپڑ مارے اور دھمکی دی کہ اگر تم نے کسی کو ہماری شکایت کی تو تمہیں ٹی وی پر آکر گلا کاٹ کر مار ڈالیں گے'۔

شیرین انور کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے ان پر اتنا گہرا اثر ڈالا کہ اب کوئی بھی موٹر سائیکل ان کے قریب سے گزرتی ہے تو وہ کانپنے لگتی ہیں، انہیں خوف آتا ہے کہ کہیں وہی لوگ دوبارہ ان کے سامنے تو نہیں آگئے۔

 

مزیدخبریں