ویب ڈیسک:پاکستان کے معروف اداکار اسلم شیخ کی وفات کی جھوٹی خبر نے انہیں خود اور اہلخانہ کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اسلم شیخ کا کہنا ہے کہ میں ان جھوٹی خبریں پھیلانے والوں سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ خدارا اس طرح جھوٹی خبریں پھیلا کر لوگوں کو اذیت میں مبتلا نہ کیا کریں۔
اسلم شیخ نے کہا ہے کہ ایسی جھوٹی خبروں سے سانحات بھی جنم لے سکتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں اسلم شیخ نامی ایک اداکار تھے ان کی وفات ہوئی اور کسی نے میری تصویر کے ساتھ یہ خبر وائرل کردی کہ میرا انتقال ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے دنیا بھر سے ان کے اور اہل خانہ کے پاس فون کالز آنے لگیں اور وہ جب سے اپنے زندہ ہونے کی گواہی دے رہے ہیں۔ اسلم شیخ کا کہنا ہے کہ روزنامہ جنگ کے توسط سے دنیا کو یہ بتانا چاہ رہا ہوں کہ وہ زندہ اور صحت مند ہوں اور لوگ جھوٹی خبروں سے پریشانی کا شکار نہ ہوں اور مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔گزشتہ کئی دنوں سے اسلم شیخ سوشل میڈیا پر اپنے چاہنے والوں کو اپنے زندہ ہونے کا یقین بھی دلا رہے ہیں۔
پاکستان کے معروف ٹی وی و فلم کے اداکار اسلم شیخ جو اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں گزشتہ دنوں ان کے کسی مخالف نے ان کی وفات کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھی۔