بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ جاری

14 Dec, 2022 | 09:21 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے انتخاب کے لیے آج پولنگ ہو رہی ہے۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ بلوچستان کے 32 اضلاع میں یونین کونسلوں، میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنوں کی خواتین، کسانوں، مزدوروں اور غیر مسلموں کی مجموعی طور پر 4788 مخصوص نشستوں میں سے 2310 نشستوں پر آج انتخاب ہو رہا ہے، 1734 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ 744 نشستیں خالی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 32 اضلاع میں مخصوص نشستوں کے انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 610 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ان انتخابات کے لیے 32 ڈی آر اوز، 131 آر اوز، 145 اے آر اوز، 597 پریزائیڈنگ آفیسرز، 597 پولنگ آفیسرز خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان گزشتہ روز ہی متعلقہ پولنگ کے عملے کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

صوبائی الیکشن کمشنر فیاض حسین مراد کے مطابق مخصوص نشستوں پر انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں