(مانیٹرنگ ڈیسک) مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کی گانا گانے کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز جنید صفدر کی بارات سے قبل ’’قوالی نائٹ‘‘ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاکستان کے مشہور و معروف گلوکار راحت فتح علی خان بھی مدعو تھے۔جنید صفدر نے ’’قوالی نائٹ‘‘ کے دوران راحت فتح علی خان کا خوبصورت گیت ’’میں تینوں سمجھاواں کی‘‘ گاکر لوگوں پر سحر طاری کردیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
جنید صفدر کی اہلیہ عائشہ بھی اپنے شوہر کے برابر بیٹھی گانے کا لطف لیتی رہیں اور زیر لب ان کے ساتھ گانا گنگناتی رہیں، تقریب میں موجود راحت فتح علی خان کو بھی جنید صفدر کا گانا بھا گیا اور وہ بھی گانے کے دوران انہیں داد دیتے رہے۔جنید صفدر کی گانا گانے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، صارفین جنید صفدر کی آواز کی خوب تعریفیں کررہے ہیں۔
واضح رہےکہ اس سے قبل جنید صفدر نے لندن میں اپنے نکاح کی تقریب میں معروف گانا ’’کیا ہوا تیرا وعدہ‘‘ گا کر سب کو حیران کردیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور اسی ویڈیو کی وجہ سے جنید صفدر یکدم سوشل میڈیا پر چھا گئے تھے۔