( عابد چوہدری ) ادھار کی رقم واپس مانگنے پر دوست نے دوست کو فائرنگ کرکے قتل کر ڈالا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ادھار کی رقم واپس مانگنے پر دوست نے دوست کو قتل کردیا۔ ملک کامران نے اپنے دوست عامر سے پیسے ادھار لے رکھے تھے، جس کی واپس کا مطالبہ کیا تو دونوں میں تلخ کلامی ہوگئی اور کامران نے عامر کو گولیاں مار کر اس کی جان لے لی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔ مقتول پیشہ سے ڈرائیور اور دو بچیوں کا باپ تھا۔ مقتول کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ انہیں انصاف چاہیے جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے ۔ پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی ہے جبکہ موقع سے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے ایسا ہی ایک واقعہ ملتان روڈ سندر کے علاقے میں پیش آیا تھا جہاں تین سو روپے کی معمولی رقم پر جھگڑا ہوا تھا اور فائرنگ سے کانسٹیبل سمیت دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اہل علاقہ نے فائرنگ کرنیو الے ملزمان کی گرفتاری کے لئے احتجاج بھی کیاتھا۔