پنجاب کے سرکاری ریسٹ ہاؤسز سیاحت کے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ

14 Dec, 2020 | 09:46 PM

Shazia Bashir

عمر اسلم: محکمہ آبپاشی اور پنجاب ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کا سرکاری ریسٹ ہاؤسز سیاحت مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر اتفاق، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سمال ڈیمز پر موجود اریگیشن ریسٹ ہاوسز کو عوام کیلئے کھولا جائے گا، مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق  پنجاب کے سرکاری ریسٹ ہاؤسز سیاحت کے مقاصد  کے لئے استعمال کرنے کا فیصلہ، محکمہ آبپاشی اور پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں اثاثوں کی منتقلی پر اتفاق ہو گیا ، وزیر آبپاشی محسن لغاری اور مشیر سیاحت آصف محمود نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، جنرل مینجر ٹی ڈی سی پی عاصم محمود اور چیف انجنئیر شیخ معین الدین نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔


تقریب میں سیکرٹری اریگیشن سیف انجم، سیکرٹری سیاحت احسان اللہ بھٹہ، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سمال ڈیمز پر موجود اریگیشن ریسٹ ہاوسز کو عوام  کے لئے کھولا جائے گا، صوبائی وزیر آبپاشی کا کہنا  تھا کہ اقدام کا مقصد سیاحوں کو بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ آبپاشی اور محکمہ سیاحت ملکر کام کریں گے، ریسٹ ہاؤسز محکمہ آبپاشی اور صوبہ کے عوام کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔

مشیر سیاحت آصف محمود کا کہنا تھا کہ ٹی ڈی سی پی محکمہ آبپاشی کے ریسٹ ہاؤسز کی بکنگ کرسکے گی،پنجاب میں سرکاری ریسٹ ہاؤسز کا بڑا نیٹ ورک موجود ہے، ماضی میں صرف سرکاری افسران یہ ریسٹ ہاؤس استعمال کرتے تھے، اکثر ریسٹ ہاؤسز زیادہ تر خالی رہتے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے تمام ریسٹ ہاؤسز کا بہتر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اریگیشن اور محکمہ سیاحت میں ایم او یو اسی سلسلے کی کڑی ہے، ریسٹ ہاؤسز عوام  کے لئے کھولا جانا خوش آئند ہے۔

مزیدخبریں