(حسن علی) سٹار مارکیٹنگ کے زیر اہتمام دو روزہ پراپرٹی ایکسپو کا افتتاح گورنر پنجاب نے کر دیا، پاکستان کے سب سے بڑی پراپرٹی ایکسپو میں ملکی اور غیر ملکی رئیل اسٹیٹ اوربلڈرز کمپنیوں نےسٹالز لگائے ہیں۔
ایکسپو سنٹر میں سٹار مارکیٹنگ کی جانب سے دو روزہ پراپرٹی ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ سٹار مارکیٹنگ کے چیئرمین واثق نعیم، چیئرمین عباد محسن شیخانی، سٹار پراپرٹی ایکسپو کے سی او او محمود احمد خان، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سٹار مارکیٹنگ تصدق حسین، سی او او سٹار مارکیٹنگ بریگیڈئیر (ر) یوسف اعوان، ریجنل ڈائریکٹر علی حبیب، غیاث انور، جاوید ملک، عمیر یوسف، یاسر رشید، حماد منیر، علی عمران، معروف بلڈر اکبر شیخ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی سے بہت قریبی تعلق رکھا ہے تاکہ مسائل کو حل کیا جا سکے جبکہ پراپرٹی ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کے سلسلے میں جب برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا تو پاکستان کومسئلہ ہو گا لیکن ہم اس مسئلے کوحل کر لیں گے تاہم پاکستان کا دشمن اسے مستحکم نہیں دیکھنا چاہتا لیکن اسے منہ کی کھانی پڑےگی۔
ان کا کہنا تھاکہ ایف اے ٹی ایف کا مسئلہ بھی حل کر رہے ہیں اور اُمید ہےکہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
وزیر اعظم کے بھتیجے حسان نیازی کے حوالے سے سوال پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پی آئی سی واقعہ افسوسناک ہے، جو شخص بھی قانون توڑے گا خواہ وہ کسی بھی خاندان سے ہو اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔
پراپرٹی ایکسپومیں سٹال لگانےوالےرافٹس پراپرٹیز کے سی ایف او نعیم اختر کا کہنا تھا کہ اس ایکسپو سے انہیں اپنے نئے منصوبے گل مہر ٹریڈ سینٹر کو متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔
سٹار مارکیٹنگ کی جانب سے گورنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ پراپرٹی ایکسپو اتوار تک جاری رہے گا۔