سکیورٹی اداروں نے اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا ہے۔
ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ہائی پروفائل قیدی کی سہولت کاری کرنے کے سبب حراست میں لیا ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پر اڈیالہ جیل میں قید کاٹ رہے بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ محمد اکرم کو اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر بانی پی ٹی آئی کیلئے پیغام رسانی کرنے میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔
سکیورٹی اداروں کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو اس کارروائی کے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی ہو گی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان ان دنوں راولپنڈی کے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہیں جیل مینوئل کو نظر انداز کر کے ملاقاتوں اور دیگر متعدد معاملات مین غیر معمولی سہولتین فراہم کئے جانے کی اطلاعات بار بار سامنے آ رہی تھیں۔